You are currently viewing مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، سبزی خریدنا بھی بس سے باہر ہوتا نظر آ رہا

مہنگائی نے غریب کی کمر توڑ دی، سبزی خریدنا بھی بس سے باہر ہوتا نظر آ رہا

کراچی (ڈیسک) کراچی کے بازاروں میں مہنگی اشیاء کے باعث شہری شدید پریشان ہیں، بازاروں میں اشیائے صرف کی قیمتوں نے غریب کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، سبزی خریدنا بھی عام آدمی کی دسترس سے باہر ہوتا نظر آ رہا ہے۔
شہر میں ٹماٹر درجہ اول 100سے 120 روپے کلو میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ کچھ ہی دنوں قبل تک بہترین ٹماٹر 40سے 50روپے کلو تک فروخت ہوتا رہا تھا۔
آلو پیاز جو کچھ عرصہ پہلے تک 30، 40 روپے کلو بکا کرتا تھا اب سو روپے سے نیچے آتا دکھائی ہی نہیں دے رہا۔ بازار میں اس وقت لال آلو اور پیاز 80 سے 100روپے کلو میں بک رہے ہیں۔
مارکیٹ میں پھول گوبھی 100، توری 80 اور بھنڈی 100 روپے کلو میں فروخت کی جارہی ہے۔
خریداری کے لیے آئے ہوئے شہریوں نے میڈیا نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے مار دیا لیکن انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لے کر سو رہی ہے، کمشنر اور ان کی ٹیم کا کچھ اتہ پتہ نہیں ہے، سبزی فروش من مانی قیمتوں میں سبزیاں بیچ رہے ہیں۔
دوسری جانب اس حوالے سے سبزی فروش نے کہا کہ بلوچستان سے سبزی آرہی ہے اس وجہ سے اس کے ریٹ زیادہ ہیں۔