لاہور (ڈیسک) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول اسکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر پچاس روپے کی بجائے سو روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور چھ ہفتوں کے دوران اس اسکیم کو نافذ العمل کر دیا جائے گا۔
فیصلہ کر لیا گیا ہے بڑی گاڑی والوں کو پیٹرول کی زیادہ قیمت ادا کر نا ہوگی کیونکہ یہاں پر غریب کا پاکستان الگ ہے اور امیر کا پاکستان الگ، عمران خان خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں اس لئے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے ۔وہ پیر کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈاکٹرمصدق ملک نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول فراہم کرنے کی اسکیم پر کام کر نا شرو ع کر دیا ہے اس پر ابتدائی طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرول کے ٹیرف میں غریب کو پچاس روپے سبسڈی دی جائے گی مگر اب وزیر اعظم نے ہمیں دوبارہ ہدایت کی ہے کہ سبسڈی کو بڑھا کر سو روپے کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت پیٹرول کی قیمت میں کمی لانے کے لیے کام جاری ہے جو چھ ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہم نے ایسا میکنزم بنا لیا ہے کہ مال دار طبقے پر ٹیکس لگائیں گے اور غریب کو بھر پور ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک میں عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کر ے گی جس کی بہترین مثال مفت آٹے کی فراہمی ہے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیٹرول سستا کرنے کے لیے میکنزم بنانے پر کام جاری ہے ،ہمارے پاس عوام کا ڈیٹا موجود ہے اور ایک غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل پر ماہانہ21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں دو سے تین لیٹر پیٹرول فراہم کیا جائے اور 800سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پیٹرول پر30 لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی اور ایک وقت میں گاڑی میں 5 سے 7 لیٹر پیٹرول ڈالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اہل افراد کو ان کے موبائل پر میسج موصول ہو گا اور وہ اس میسج کو پیٹرول پمپ پر دکھا کر پیٹرول وصول کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس والوں کو ایک ڈیوائس فراہم کی جائے گی جس پر سبسڈی حاصل کرنے والے کا ریکارڈ موجود ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ غریب کو سستی گیس فراہم کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل تھا جس کے تحت یکم جنوری سے ہم نے گیس کے ٹیرف پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور گیس کا سرکلر ڈیبٹ ختم کر دیا گیا ہے۔ بجلی کے حوالے سے بھی ہم نے پہلے ہی پالیسی بنا رکھی ہے ،100 یا 200یونٹ استعمال کرنے والوں کو سستی بجلی دی جائے گی جبکہ اس سے زیادہ استعمال کر نے والوں کو پورا بل ادا کر نا ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے یکساں قانون بنایاہے اب کسی سیٹھ کو سستی بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور ہم پر امید ہیں کہ ملک جلد بہتری کی طرف گامزن ہوگا۔
