You are currently viewing موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 50 روپے لیٹر سبسڈی کا اعلان

موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 50 روپے لیٹر سبسڈی کا اعلان

لاہور (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لئے پیٹرول پر فی لیٹر 50 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کم آمدن پیٹرولیم صارفین کے لئے پیٹرولیم ریلیف پیکیج پر جائزہ اجلاس لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کم آمدن غریب عوام کیلئے 50 روپےفی لیٹر تک پیٹرولیم ریلیف پیکیج دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ کم آمدن غریب عوام کیلئے پیٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشہ،کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے، پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے، پیٹرولیم سبسڈی پر موثر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور پیٹرولیم سبسڈی پر موثر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن عوام کی سواری ہے اس کے لئے پیٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت شدید معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے اجلاس کو کم آمدن افراد تک پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احمد چیمہ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم ودیگر حکام نے شرکت کی۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.