You are currently viewing موسم سرما کی آمد، پاکستان میں چائے کے استعمال میں اضافہ

موسم سرما کی آمد، پاکستان میں چائے کے استعمال میں اضافہ

فیصل آباد (ڈیسک)موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں چائے کے استعمال میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث رواں ماہ معمول سے 18.6فیصد اضافی چائے درآمد کی گئی ہے۔
پاکستان ٹی امپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایاکہ ماہ ستمبر کے دوران10.2ملین کلو گرام جبکہ ماہ اکتوبر کے دوران 11.3ملین کلو گرام چائے درآمد کی گئی تھی لیکن رواں ماہ نومبر کے دوران اب تک 12.1ملین کلوگرام چائے درآمد کی گئی ہے۔
درآمد شدہ 27.8 ملین ڈالر کی چائے میں 11.4ملین کلو گرام کالی اور 0.7ملین کلو گرام سبزچائے شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں 40 سے 50 فیصد تک کالی چائے کی پتی مختلف ذرائع سے اسمگل ہو کربھی آ رہی ہے۔
پاکستان کینیا، بنگلہ دیش، چین، ویتنام سمیت 13 ممالک سے چائے کی پتی درآمد کرر ہا ہے۔
افغانستان سے چائے کی پتی کی اسمگلنگ سے قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچتا ہے۔