You are currently viewing مودی کی وارننگ کام کر گئی، فلم ’پٹھان‘ پر تنازعات اور کشیدگی ختم

مودی کی وارننگ کام کر گئی، فلم ’پٹھان‘ پر تنازعات اور کشیدگی ختم

ممبئی (ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی بی جے پی کو دی جانے والی وارننگ نے کام کر دکھایا جس کے بعد بھارت میں منظر عام پر آنے والے فلم ’پٹھان‘ کے حوالے سے تنازعات اور کشیدگی یکسر ختم ہو گئی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز پہلے تک بالی ووڈ کے سپر اسٹار کنگ خان شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے حوالے سے بھارت میں بہت سے خود ساختہ تنازعات جنم لے چکے تھے، انتہا پسندوں نے فلم کے پوسٹر پھاڑے اور کشیدگی کو عروج پر پہنچا دیا، کئی جگہوں پر فلم کے اشتہاری میٹریل کو آگ لگائی گئی، فلم کو سینما پر نمائش کی اجازت ملنے کے خلاف دھمکیاں دی گئیں جب کہ شاہ رخ خان پر حملے کر کے انھیں جان سے مار ڈالنے کی باتیں بھی سامنے آئیں۔
بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی بی جے پی کارکنوں کو ہدایت کہ فلموں کے بارے میں غیر ضروری تبصروں اور ردعمل سے گریز کیا جائے، وہ تمام واقعات یکلخت ایسے ختم ہو گئے جیسے کبھی تھے ہی نہیں۔
ممبئی فلم انڈسٹری سے ملنے والی خبروں کے مطابق فلم ’پٹھان‘ 25 جنوری سے ریلیز کی جا رہی ہے، فلم میں مرکزی کردار شاہ رخ خان نے ادا کیا ہے، جب کہ ان کے ساتھ جان ابراہم اور دیپیکا پڈوکون شامل ہیں۔کئی ممالک میں فلم کے ایڈوانس ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں جب کہ انٹرنیٹ پر بھی شاہ رخ کی فلم کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔