کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے، امکان ہے نگراں سیٹ اپ 2 سال تک چلے۔
انھوں نے اپنے بیان میں پیش گوئی کی کہ نگراں وزیراعظم اور وزرائے اعلیٰ سیاسی نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 90 روز میں انتخابات ہوئے تو پرانی مردم شماری پرہی ہوں گے، انڈرسٹینڈنگ یہی ہے کہ ہمیں 90 دن کی الیکشن مہم کو ٹارگٹ کر کے فیصلہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے مشاورت کا حتمی راؤنڈ آج سے شروع ہونے کا امکان ہے، اتحادی جماعتیں مجوزہ ناموں کا ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدہ تبادلہ کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لیے 5 سے زائد ناموں پر غور کیا جارہا ہے، اتحادی جماعتوں کے مجوزہ نام سامنے آنے کے بعد وزیرا عظم اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کریں گے۔