اسلام آباد (ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کانام پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے دوران نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی کارروائی کو خفیہ رکھنے کی 4 بار درخواستیں دیں، فارن فنڈنگ کیس کی صرف 70 سماعتیں ہوئیں جب کہ عمران خان نے کیس ملتوی کرانے کی 30 بار کوشش کی، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کانام پی ٹی آئی فارن فنڈنگ ہے ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس ملک میں رہتے ہیں وہاں آئین ہے نہ انصاف، کیا الیکشن کمیشن نے عوام کے ووٹ کی عزت کروائی لہذا ہم آج الیکشن کمیشن کو اس کی آئینی ذمہ داری یاد کرانے آئے ہیں اور حکمران دیکھ لیں کہ جب عوام لانگ مارچ کرکے یہاں پہنچیں گے تو کیاحال ہوگا۔