You are currently viewing ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا، وزیراعظم سے جیفریز کے وفد کی ملاقات

ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا، وزیراعظم سے جیفریز کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت کے مشکل فیصلوں کی بدولت ملک ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے، پاکستان کی معاشی صورتحال کے بارے میں غلط معلومات پھیلا کر بے بنیاد ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے، حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف بین الاقوامی انویسٹمنٹ بینکنگ اینڈ کیپٹل مارکیٹس فرم جیفریز (Jefferies) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک تھے ۔ وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت نے سیاسی قیمت کی پرواہ کیے بغیر ملک کو گزشتہ چار سال کی نااہلیوں کا خمیازہ بھگتنے سے بچا لیا ہے جبکہ مہنگائی کو کم کرنے اور عام آدمی کے ریلیف کے لیے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بیرونی تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے کوشاں ہے، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے جیفریز کے وفد کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر وفد نے وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ کرکے ملک کے معاشی استحکام کی سمت گامزن ہونے کو خوش آئند قرار دیا۔