کراچی (ڈیسک) سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریض سامنے آنے کے بعد کوئٹہ میں ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا جس کے بعد اب ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی۔
سندھ میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایک مریض کا تعلق حیدرآباد جبکہ دوسرا مریض کراچی کا رہائشی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، ان کے ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور سب کو قرنطینہ منتقل کیا جارہا ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس کا مریض ایران سے دبئی کے ذریعے کراچی پہنچا ہے، جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مریض نے شام سے براستہ دوحہ کراچی کا سفرکیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس خطرناک وائرس کے 14 مریض زیرِعلاج ہیں جبکہ ایک مریض مکمل طورپرصحتیاب ہوکر اسپتال سے فارغ ہوچکا ہے۔
دریں اثنا کوئٹہ میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا ترجمان بلوچستان حکومت نے اس کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ بچہ تھیلے سیمیا کا بھی مریض ہے جسے آئسو لیشن وارڈ منتقل کردیا ہے، متاثرہ بچہ 29 فروری کو خاندان کے ساتھ سے واپس آیا تھا۔
ایم ایس فاطمہ جناح اسپتال نے کہا ہے کہ یہ کیس ایک 12 سالہ بچے میں رپورٹ ہوا ہے بچہ کوئٹہ میں ہے تاہم اس کا آبائی تعلق سندھ کے شہر دادو سے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 5 مریض شام سے کراچی آئے تھے جب کہ 3 مریض لندن سے دبئی کے راستے کراچی پہنچے تھے۔