اسلام آباد(ڈیسک)ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک اورسرمایہ کاری بورڈکی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 106.4 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 151.53 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 42.3 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی تھی۔فروری میں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 8.7 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملک میں سافٹ وئیر ڈویلپمنٹ کے شعبہ میں 33.5 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 9.2 ملین ڈالرتھی۔اسی طرح جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں آئی ٹی خدمات کے شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 72.8 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 33 ملین ڈالرتھی۔ہارڈ وئیرکے شعبہ میں جاری مالی سال کے دوران 2 لاکھ ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے۔