کراچی (ڈیسک): تاجدارِ کونین ،آقائے دو جہاں ،وجہ تخلیق کائنات،رحمت اللعالمین ،فخر موجودات حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت با سعادت ملک بھرمیں انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذ بے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔
جشن ِعید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں فرزندان اسلام کی جانب سے ملک بھر میں میلاد اور درود و سلام کی محافل کے ساتھ ساتھ جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں ، عاشقان ِمصطفیٰ ﷺ نے مساجد،گھروں ،گلیوں اور بازاروں کو دلہن کی طرح سجا رکھا ہے جبکہ سرکاری عمارتوں کو بھی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ کراچی سے خیبر تک پورا ملک اس وقت روشنیوں میں ڈوبا ہوا ہے اور فضا میں درود و سلام کی روح پرور صدائیں گونج رہی ہیں ۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ دیگر صوبوں میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا ۔