You are currently viewing ملکی تباہی کے ذمے دار نیوٹرلز ہوں گے عمران خان

ملکی تباہی کے ذمے دار نیوٹرلز ہوں گے عمران خان

پشاور (ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ عدلیہ نے جمہوریت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو اس کا وقار ختم ہو جائے گا۔ حکومت غیر قانونی اقدامات کر رہی ہے، اگر ملک تباہی کی طرف گیا تو اس کے ذمہ دار نیوٹرلز بھی ہوں گے۔

پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارے لانگ مارچ کو روکنے کا فیصلہ غیر قانونی ہے، ہم نے اپنے دور حکومت میں اپوزیشن کو جلسوں سے روکنا تو دور کی بات بلکہ ان کو سہولتیں فراہم کیں، انھوں نے کہا کہ یہ اداروں کا امتحان ہے، اگر ملک کے اداروں نے جمہوریت کے تحفظ کے لیے کچھ نہ کیا اور نیوٹرل بن کر بیٹھے رہے تو یاد رکھیں کہ ملکی تباہی کے ذمہ دار آپ بھی ہوں گے۔ پاکستان کے اداروں میں بیٹھے سب لوگوں کو واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ آپ لوگوں کا حلف پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے ہے، ہم سب نے مل کر خودداری کا تحفظ کرنا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جو کچھ یہ لوگ کر رہے ہیں ایسا تو ڈکٹیٹر بھی نہیں کرتے، یہ فاشسٹ حکومت ہے، ان کے غلط فیصلوں اور غلط کاموں کے نتائج سے عوام میں غم و غصہ پیدا ہو رہا ہے۔
عمران خان نے پولیس کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ایک کا نام نوٹ کر رہے ہیں، سب کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے گھروں پر کس بنیاد پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، حمزہ شہباز تو وزیر اعلیٰ ہی نہیں ہے، آپ اس کے غیر قانونی احکامات کے پابند نہیں ہیں۔ اسلام آباد کا آئی جی مجرم ہے۔
چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان سری لنکا جیسی صورت حال کی طرف بڑھ رہا ہے، میں کل کے پی کے سے جلوس لے کر اسلام آباد روانہ ہوں گا، عوام کے سمندر کو کوئی نہیں روک سکتا، جو روک سکتا ہے آ کے روک لے۔