لاہور (ڈیسک) نوبل انعام یافتہ سوشل سیلیبرٹی ملالہ یوسف زئی نے پاکستانی خواتین کرکٹرز سے لاہور میں ملاقات کی، ویمن کرکٹرز نے ملالہ یوسف زئی کو دستخط والی شرٹ اور قومی ویمن ٹیم کی جیکٹ پیش کی۔
ملالہ نے نوجوان خواتین کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محنت کرتی رہیں، اور اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ آئندہ ورلڈ کپ میں کامیابیاں سمیٹیں گی۔
ملالہ نے شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پہلے بھی اپنی کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، آپ آئندہ بھی بہت کچھ کر سکتی ہیں۔
اپنے کھیل کو انجوائے کریں، چیلنج قبول کریں، سخت محنت کریں، شوق سے آگے بڑھیں۔ آپ کو کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
اس موقع پر ملالہ یوسف زئی کے شوہر عصر ملک بھی موجود تھے، ویمن کرکٹرز میں سدرا امین، ڈیانا بیگ اور طوبیٰ حسن موجود تھیں جبکہ انڈر 19کرکٹ ٹیم کی ایمان فاطمہ اور شوال ذوالفقار نے منیجر عائشہ جلیل کے ہمراہ ملالہ یوسف زئی سے ملاقات کی۔
ملالہ نے کہا کہ آپ کو چھوٹی بچیاں ٹی وی پر دیکھتی ہیں تو ان کا شوق اور جذبہ پروان چڑھتا ہے۔