کراچی (ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پاکستان علماء ایسوسی ایشن کے رکن مفتی عبدالقیوم کے دو قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایسٹ مقدس حیدر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ مفتی عبدالقیوم کا قتل مذہبی یا فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ نہیں بلکہ انہیں پلاٹ کے تنازع پر اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کرایا گیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق مین شوٹر علی اکبر عرف شاہد اس سے قبل بھی سیاسی و مذہبی جماعت کیلئے ٹارگٹ کلنگ کی ورداتیں کرتا رہا ہے، گرفتار دونوں ٹارگٹ کلرز علی اکبر اور تنویر نے مولانا کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے ۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔
ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد اور حساس اداروں کے ہمراہ مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
