لاہور (ڈیسک) پاکستان کی مشہور فنکارہ، اداکارہ اور گلوکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی دوسری شادی کا اقرر کر لیا۔
نجی ڈیجیٹل میڈیا کے پروگرام میں اداکارہ نے اپنی دوسری شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم ہوتا کہ کسی کے زندگی میں آنے اور جانے کے کیا مضمرات ہیں، ہر کام میں اللہ کی مرضی ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اتفاق سے مجھے زندگی میں دوسری بار محبت کا موقع ملا ہے، عام طور سے اس عمر میں دوسری محبت یا دوسری شادی کو معاشرے کی جانب سے قبول نہیں کیا جاتا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ بعض اوقات آپ کے اپنے گھر والے بھی اسے قبول نہیں کرتے لیکن مجھے کم از کم ایسے کسی رویے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
1978 میں بشریٰ انصاری کی پہلی شادی اقبال انصاری کے ساتھ ہوئی تھی جو 36 برس قائم رہی، بعد ازاں ذہنی ہم آہنگی نہ ہونے کے باعث طلاق کی صورت میں ختم ہوئی۔
بشریٰ انصاری نے ماضی میں پہلے شوہر سے طلاق لینے کے حوالے سے بات کی تھی مگر کھل کر دوسری شادی کا اعتراف نہیں کیا تھا۔
ان کی طلاق کے کچھ عرصے کے بعد ان کی پروڈیوسر اقبال حسین کی شادی کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھی ۔
البتہ ڈرامہ نگار اقبال حسین نے اداکارہ سے دوسری شادی کی خبروں کی تردید کی تھی، اب بشریٰ انصاری نے اپنی دوسری شادی کے حوالے سے تمام چہ مگوئیوں کو دور کر دیا ہے اور اپنی دوسری شادی کا اقرار کر لیا ہے۔
