اسلام آباد (ڈیسک) ملک کی ابتر معاشی صورت حال کے باعث جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر26 فیصد کمی ریکارڈکی گئی۔
انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی 22ء سے لے کرمئی 23ء تک ملک میں 15.26 ملین ٹن پٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 26 فیصدکم ہے۔
معاشی سرگرمیوں میں شدید کمی کا دوسرا ثبوت پاکستان بیورو برائے شماریات کی یہ رپورٹ ہے جس کے مطابق آفس مشینری اور ڈیٹاپراسیسنگ آلات کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 46 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ۔
کاروباری سرگرمیوں میں کمی کا دوسرا پہلو ملک کے تجارتی خسارہ میں کمی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ جاری مالی سال کے 11 ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر41 فیصد اورمئی میں 49 فیصد کم دیکھا گیا۔
حکومت کی عالمی مارکیٹ سے پٹرولیم مصنوعات کی خریداری سے متعلق نئی پالیسی بھی سامنے آئی ہے جس کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پربینک چارجز و دیگر اخراجات ختم ہو جائیں گےجب کہ روس سے سستے تیل کی خریداری کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔