You are currently viewing معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران ، سانحہ ہوا تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہو گا، خواجہ آصف

معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران ، سانحہ ہوا تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہو گا، خواجہ آصف

سیالکوٹ(ڈیسک) وزیر دفا ع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ملکی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، خدانخواستہ اب اگر کوئی سانحہ ہوا تو اسکا ذمہ دار عمران خان ہی ہو گا۔
عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی پرزور مذمت کرتے ہیں کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دیں یہاں تک کہ بی بی شہید بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے شہید ہو گئیں، شہادتوں کے باوجود پاکستان پیپلز پارٹی نے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سابق صدر آصف علی زرداری پر بے بنیاد الزامات سے سیاست میں خون خرابے کا اندیشہ ہے اورخدانخواستہ اگر ایسا کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ اری عمران خان پر عائد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزامات لگا کر عمران خان نے ایک اور پینترہ بدلہ ہے جس سے ملک میں انتشار پھیل سکتا ہے، عمران خان کے بیان سے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو جان کا خطرہ ہوسکتا ہے،عمران خان کے سیاست میں کھیلے گئے اب تک کے تمام کارڈز فیل ہوئے ہیں اور اب اس نے جو نیا پینترہ بدلا ہے اس میں بھی اسے ناکامی ہو گی کیونکہ یہ شخص ہمیشہ جھوٹ بولتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قول و فعل میں واضح تضاد موجود ہے، وہ کبھی کچھ تو کبھی کچھ کہتا ہے، اس شخص کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا، عمران خان جیسا جھوٹا شخص پہلے اپنی حکومت گرانے کا الزام امریکا پر لگاتا تھا لیکن اب امریکا کی بجائے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو اس کا ذمہ دار ٹھہرا رہا ہے جس سے اس شخص کا جھوٹ واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سمیت سب لوگ جانتے ہیں کہ عمران خان نے خود اسمبلیوں سے استعفے دئیے اور یہ کہتے رہے کہ اس اسمبلی کی کوئی اہمیت نہیں لیکن اب جب اسپیکر قومی اسمبلی نے انکے استعفے قبول کیے ہیں تو اب روتے پھر رہے ہیں حالانکہ ہم انہیں سمجھاتے رہے کہ آپ لوگ پارلیمان میں آئیں اور مل بیٹھ کر ملکی مسائل کو حل کریں لیکن ان لوگوں نے ہماری ایک نہ سنی۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.