You are currently viewing مشہور شاعر، ڈرامہ نویس، کالم نگار ، ادیب امجد اسلام امجد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے

مشہور شاعر، ڈرامہ نویس، کالم نگار ، ادیب امجد اسلام امجد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے

لاہور (ڈیسک) پاکستان کی نہایت ہی معروف شخصیت، شاعر، کالم نگار، ادیب اور ڈرامہ نویس امجد اسلام امجد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے، ان کی عمر 78 سال تھی۔
ان کے اہل خانہ کی جانب سے مصدقہ اطلاعات کے مطابق امجد اسلام امجد کو دل کا دورہ پڑا اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
معروف شاعر 4اگست 1944کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے پنجاب یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا، ایم اے او کالج لاہور میں 1968میں شعبہ درس و تدریس سے منسلک ہوئے، 1975تک بطور استاد بچوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنے کے فرائض انجام دیے۔ اسی دوران پنجاب آرٹ کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر مقرر کیے گئے۔
امجد اسلام امجد کا میدان ڈرامہ نویسی، تنقید، تعلیم ، شاعری اور کالم نگاری رہا ، ان کے لکھے ہوئے ڈرامو ں نے شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ ڈرامہ وارث سے وہ دنیا بھر میں پہچانے جانے لگے، اس کے علاوہ انھوں نے دن ، فشار اور دہلیز ڈرامے بھی تحریر کیے۔
برزخ ، عکس ، ساتواں در اور کالے لوگوں کی روشن نظمیں ان کے شعری مجموعوں کے بہترین مثالیں ہیں۔ گیتوں پر مشتمل مجموعہ آنکھوں میں تیرے سپنے انھوں نے تحریر کیا۔
امجد اسلام امجد نے سفر ناموں میں بھی طبع آزمائی کی ۔ شہر در شہر کے نام سے انھوں نے سفر نامہ قلمبند کیا۔