لاہور (ڈیسک) مشہور پاکستانی کامیڈین افتخار ٹھاکر نے کہا ہے کہ میں مسجد نبویؐ پر حاضری کے وقت اپنے احساسات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔
انھوں نے کہا کہ میں دنیا کے 42ممالک گھوماہوں، سب جگہ دھوکہ، مصنوعات، چکا چوند ، جھوٹ کو پایا مگر مدینہ سچ کا نام ہے، مدینہ کی فضا میں جو نور اور سکون ہے وہ دنیا میں کہیں نہیں ہے۔
انٹرنیٹ پر ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ میں آج بھی مدینہ حاضری کے دوران باب سلام اور جنت البقیع کا ذکر کرتا ہوں تو میرا بی پی لو ہونے لگتا ہے، مجھے ایسا لگتا تھا جیسے میں کسی اور ہی دنیا میں داخل ہو چکا ہوں، مجھے لگتا تھا کہ میری سانس نکل جائے گی اور میں اس منظر کو برداشت نہیں کر پائوں گا، مجھے سنبھلنے میں کافی دیر لگی ، وہ سب بیان سے باہر ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ایک رات میری آنکھ کھلی ، میں غسل کر کے مسجد نبویؐ کی طرف چل پڑا، میری خوش قسمتی کہ باب جبریل کھلا ملا حالانکہ وہ خاص مواقع پر ہی کھلتا ہے، وہاں پر موجود سیکیورٹی گارڈ جو مجھے پہچانتا نہیں تھا، اس نے مجھ سے پوچھا کہ میں آپ کی کیا خدمت کر سکتا ہوں؟
افتخار ٹھاکر نے مزید بتایا کہ میں نے نعلین مبارک کی زیارت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو وہ مجھے لے کر چل پڑا، جب میں وہاں پہنچا تو کچھ ہی دیر وہاں ٹھہر پایا اور بوسہ دے کر واپس آ گیا اور رات بھر روتا رہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے نعلین پاک کی زیارت کا شرف بخشا۔
