لاہور (نیوز ڈیسک) پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بیان میں کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو تحفہ دیا، مشکلات کے باوجود انہوں نے 40 سال بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔
قبل ازیں سندھ حکومت ارشد ندیم کے لیے 5 کروڑ، گورنر سندھ اور گورنر پنجاب 20،20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کرچکے ہیں۔