You are currently viewing مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے آر اوز دھاندلی کے مرتکب ہو رہے ہیں، حافظ نعیم

مرضی کے نتائج حاصل کرنے کیلئے آر اوز دھاندلی کے مرتکب ہو رہے ہیں، حافظ نعیم

کراچی (ڈیسک) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ چار دن گزر جانے کے باوجود انتخابی اچھل کود جاری ہے، آر اوز کی جانب سے دھاندلی کی جارہی ہے، مرضی کے نتائج حاصل کرنے کے لیے انہیں تعینات کیا گیا۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کہا کہ دوبارہ گنتی کے نام پر جماعت اسلامی کی اکثریت کم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جن سیٹوں کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہونی ہے، وہاں ووٹوں کے تھیلے بھی منگوائے جائیں جو تاحال آر اوز کے پاس ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ دوبارہ گنتی کا عمل روکا جائے، اگر دوبارہ گنتی کرنی ہے تو الیکشن کمیشن کے سامنے کی جائے، ہم نے پیپلز پارٹی کی نسبت ڈبل سے زیادہ ووٹ لئے ہیں، اس صورت میں پی پی کی اکثریت کیسے ہو گئی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت الیکشن کرانا ہی نہیں چاہتی تھی، ہمارے پرزور مطالبہ پر ڈھائی سال کے بعد الیکشن کرایا گیا، جو بار بار ملتوی کیا گیا، آخری وقت تک غیر یقینی صورتحال رکھی گئی تا کہ لوگ ووٹ نا ڈال سکیں، پھر بھی لوگوں نے پچیس فیصد سے زائد ووٹ کاسٹ کیے، اتنی کوششوں کے بعد الیکشن منعقد ہوئے جو مسائل سے بھرپور تھے، حکومت عوام کو اختیار دینا ہی نہیں چاہتی۔
امیر جے آئی کراچی نے کہا کہ ہم نمبر ون پارٹی ہیں اور انشا اللہ میئر جماعت اسلامی بنائے گی، پی پی کو ہمارا مینڈیٹ تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملیر میں ہمارے کارکنان پر گولیاں چلائی گئیں، کیماڑی میں پی ٹی آئی کارکنان اور علی زیدی پر حملے ہوئے،ہم ان واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، پی ٹی آئی کے دوست پی پی کے اکسانے پر ری کاؤنٹنگ کرارہے ہیں، یہ انکا حق ہے ، انھیں سمجھنا چاہیے کہ اس بات کا فائدہ اٹھاکر پیپلز پارٹی اپنے نمبر بڑھانا چاہتی ہے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.