You are currently viewing مخصوص نشستیں: پی ٹی آئی نے فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا

مخصوص نشستیں: پی ٹی آئی نے فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواست مسترد کرنےکے خلاف عدالت جانےکا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سینیٹ میں تقریر کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر علی ظفر نےکہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو ایک منٹ بھی اس عہدے پر نہیں رہنا چاہیے۔
فیصلے کے بعد صدارتی اور سینیٹ کے الیکشن ہمیں منظور نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلےکو چیلنج کریں گے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ وزارت عظمیٰ کے الیکشن سے پہلے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ کرے، آرٹیکل 51 کے مطابق جتنی سیٹیں جیتی ہوں اس کے مطابق مخصوص نشستیں ملیں گی، آئین کے مطابق اگر آزاد امیدوار کسی جماعت میں شامل ہوں تو اس جماعت کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں۔
بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش تھی کہ انتخابی نشان لے کر ہمارے ووٹرز کو کنفیوز کریں لیکن یہ ناکام رہے، الیکشن کمیشن نے ہمیں 23 مخصوص نشستیں دینا تھیں، آج الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ یہ نشستیں ہمیں نہیں دے رہے، شاید الیکشن کمیشن نے یہ مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کے بعد ظاہر ہوگیا کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو، آج کے فیصلے کے بعد یہ الیکشن کمیشن ایک منٹ بھی عہدوں نہیں رہ سکتا، مخصوص نشستوں سے متعلق جب تک عدلیہ کا حتمی فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک سینیٹ اور صدارتی الیکشن نہیں ہوسکتا، مطالبہ کرتے ہیں کہ صدارتی اور سینیٹ کا الیکشن ملتوی کیا جائے۔
دریں اثناء پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے، مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین اور قانون کے خلاف ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہےہائی کورٹ سے ریلیف ملے گا، سپریم کورٹ جانےکا بھی حق رکھتے ہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.