ملتان (ڈیسک) وزیرمملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہمحسن کشی میں عمران خان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، حکومت عدالتی احکامات پرعملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکرز،ممبران اورکارکنان ہمیشہ الیکشن کے لئے تیارہیں، پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب میں جلد بڑا سرپرائز دے گی، کچھ پتے ہم نے سنبھال رکھے ہیں۔
انہوں نے کہاپی ٹی آئی کی چار سال پنجاب میں حکومت رہی لیکن وہ بلدیاتی الیکشن نہ کرواسکے،پی ٹی آئی والوں نےاستعفے دیئے پھر کہا کہ قبول کریں جب قبول کئے تو رونا شروع کردیا، پی ٹی آئی والےعدالتوں میں گئے کہ ہمارے استعفے قبول نہ کیے جائیں اور ہمارا اپوزیشن لیڈر لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ وہ نئے آرمی چیف سے ملنا چاہتا ہے جبکہ باجوہ صاحب کا کورٹ مارشل چاہتا ہے،محسن کشی میں عمران خان نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عدلیہ سے مطالبہ کرتا ہوں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹوشہید کے کیسزعرصہ دراز سے پڑے ہیں ان پر بھی فیصلہ کیاجائے۔
انہوں نے لاہور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے،لاہورواقعہ کی تحقیقات ہورہی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بی آئی ایس پی پروگرام میں فلٹرز لگا کر8 سے 9 لاکھ مستحقین کے کارڈ بند کردیئے تھے، ہم جانچ کرنے کے بعد ان کو دوبارہ پروگرام میں شامل کریں گے، کفالت پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے خاندانوں کو 25 فیصد اضافی رقم دیں گے۔