You are currently viewing مانسہرہ میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری، سری نگر-لہہ ہائی وے بند

مانسہرہ میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری، سری نگر-لہہ ہائی وے بند

مانسہرہ (ڈیسک) مانسہرہ کے میدانی علاقوں میں بارشں اور بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش اور برف باری سے علاقہ بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے وادی سرن وادی کونش اور وادی کاغان کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے،سیاحتی مقامات ناران،بٹہ کنڈی ،کاغان اور شوگران سمیت ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری جاری ہے ،ناران میں اب تک ایک فٹ ،کاغان میں دو انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے،وادی کاغان کے مختلف مقامات پر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹاف بھاری مشینری کے ہمراہ شاہراہ ِ کاغان سے برف صاف کرنے میں مصروف ہے ،شدید سردی کی وجہ سے بالائی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصورہوگئے ہیں۔
سری نگر-لہہ ہائی وے اور مغل روڈ برف باری کے باعث بند
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیر کو برف باری نے سری نگر-لہہ ہائی وے کے ساتھ ساتھ پونچھ اور راجوری کے جڑواں اضلاع کو شوپیاں سے ملا نے والے تاریخی مغل روڈ کو بند کرنے پر مجبور کر دیا۔ محکمہ ٹریفک کے ایک عہدیدارنے بتایا کہ سونمرگ کے آس پاس کے علاقوں میں برف باری کے باعث سرینگر-لہہ ہائی وے کو بند کر دیا گیا ہے، پیر کی گلی اور دیگر علاقوں میں برف باری کے بعد تاریخی مغل روڈکو بند کر دیا گیا ہے۔ جموں- سری نگرہائی وے تاحال ٹریفک کے لیے کھلی ہے تاہم متعدد مقامات پر بارش ہو رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق مغل روڈ اور سری نگر لہہ ہائی وے کو تازہ برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔