لاہور (ڈیسک) جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے لاہور کے ماسٹر پلان میں بے ضابطگیوں کے مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا 1 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اینٹی کرپشن پولیس کے حوالے کر دیا۔
ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہٰی کو 1دن کے جسمانی ریمانڈ پر اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے چوہدری پرویز الہٰی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا تھا جہاں پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔
پرویز الہٰی کے خلاف ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے کیس کی سماعت کی۔
ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پرویز الہٰی کے وکیل رانا انتظار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری سے قبل ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی۔
پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ کل ڈی جی اینٹی کرپشن کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے، پرویز الہٰی کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے، ان کے خلاف انکوائری کی گئی، نہ ہی انکوائری نوٹس بھیجا گیا، وکیل نے عدالت سے مقدمہ ڈسچارج کرنے کی استدعا بھی کی۔ یاد رہے کہ اینٹی کرپشن نے پرویز الہٰی کو گزشتہ روز راول پنڈی سے گرفتار کیا تھا۔
