اسلام آباد(ڈیسک)مارچ 2022 کے دوران نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی میں 21.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق مارچ 2021میں نجی شعبہ کے ذمہ واجب الادا قرضوں کا حجم 6.41کھرب روپے تھا تاہم مارچ 2022کے دوران قرضوں کا حجم 7.79کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس طرح مارچ 2021کے مقابلہ میں مارچ 2022میں نجی شعبہ کے واجب الادا قرضہ جات میں 1.38کھرب روپے یعنی 22فیصد کے قریب اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کو قرضوں کی فراہمی 28فیصد کی بڑھوتری سے 1.13کھرب روپے کے مقابلہ میں 1.45کھرب روپے تک پہنچ گئی۔ مزید برآں آٹو فنانسنگ میں بھی 28فیصد اضافہ ہوا، اس کا حجم مارچ 2021کے 284.69ارب روپے کے مقابلہ میں مارچ 2022میں 363.55ارب روپے تک بڑھ گیا۔ اسی طرح تعمیرات کے شعبہ کو قرضوں کی فراہمی بھی 138.46ارب روپے کے مقابلہ میں 185.4ارب روپے جبکہ مینوفیکچرنگ کے شعبہ کے قرضوں کا حجم بھی 192.25ارب روپے کے مقابلہ میں 226.79ارب روپے تک پہنچ گیا۔