You are currently viewing لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، مزید 243 ملزمان گرفتار

لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری، مزید 243 ملزمان گرفتار

لاہور (ڈیسک) وزیر اعظم اور پاور ڈویژن کی ہدایات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی پانچوں اضلاع لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ اور اوکاڑہ میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن بھر پور طریقے سے جاری ہے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق چوبیسویں روز کے آپریشن کے دوران تمام اضلاع میں مزید 754کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جبکہ 753بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کی گئی ہیں جن میں سے529ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور243ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 19کمرشل، 20زرعی اور 712 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو1کروڑ32 لاکھ سے زائد یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 5 کڑور22 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے اور ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔
ترجمان کے مطابق لیسکو ریجن میں چوبیس روز کے آپریشن کے دوران کل 10 ہزار892 کنکشن چیک کئے گئے جبکہ 10 ہزار802 کنکشنز کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئی جن میں سے9876درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور 2956ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
بجلی چوروں کو اب تک 2 کروڑ 33لاکھ 43ہزار 804یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت1ارب3 کروڑ89 لاکھ69 ہزار 378روپے ہے۔
لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا، آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے سہولت کار لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔