You are currently viewing لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں نظر بند تمام اساتذہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں نظر بند تمام اساتذہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

لاہور (ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی گرفتاریوں و نظر بندی کے خلاف دائر درخواستوں پر کارروائی کرتے ہوئے پنجاب میں نظر بند 114تمام اساتذہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے جمعہ کو کیس کی سماعت کی، عدالت نے حکم دیا ہے کہ نظر بند تمام اساتذہ کو فوری رہا کیا جائے۔
دوران سماعت درخواست گزار ٹیچرز یونین کے وکیل نے دلائل دئیے، درخواستوں میں ڈپٹی کمشنرز کے نظر بندی احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا اور موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے نظر بندی کے آرڈرز خلاف قانون جاری کیے لہٰذا عدالت نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائی کورٹ نے نظر بندی کے احکامات کالعدم قرار دے کر تمام گرفتار اساتذہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
گرفتار اساتذہ پنشن رولز میں ممکنہ تبدیلی کے خلاف سراپا احتجاج تھے، ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر اساتذہ کو نظر بند کیا گیا تھا۔