You are currently viewing لاہور ہائیکورٹ: دوران عدت بیوی کی بہن سے شادی غیر قانونی قرار

لاہور ہائیکورٹ: دوران عدت بیوی کی بہن سے شادی غیر قانونی قرار

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے دوران عدت بیوی کی بہن سے شادی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے عدت پوری کیے بغیر بیوی کی بہن سے شادی سے متعلق کیس کا 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے میں کہا گہا ہے کہ عدت سے پہلے بیوی کی بہن سے شادی کرنا دو بہنوں کو بیک وقت نکاح میں رکھنے کے مترادف ہے، اسلامی شریعت کے مطابق ایک شخص دو سگی بہنوں کو بیک وقت نکاح میں نہیں رکھ سکتا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ علما متفق ہیں کہ ایک شخص پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے سے قبل اس کی بہن سے شادی نہیں کر سکتا، کوئی شخص پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے کے بعد اس کی بہن سے شادی کرسکتا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ پہلی بیوی کی عدت مکمل ہونے سے قبل اس کی بہن سے شادی فاسد تسلیم کی جائے گی، ایسا نکاح دو بہنوں کو ایک ہی وقت میں نکاح میں رکھنے کے مترادف ہے، میاں بیوی پر لازم ہے کہ فاسد شادی کے بارے میں معلوم ہوتے ہی جلد ایک دوسرے سے علیحدہ ہوجائیں، اگر میاں بیوی ایسی شادی کو ختم نہیں کرتے تو قاضی کی ذمہ داری ہے کہ ان کی شادی ختم کرے۔
فیصلے کے مطابق اگست 2023 کو صابر علی نے اپنے بہنوئی مصور حسین کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی، ایف آئی آر کے مطابق بہنوئی نے پہلی بیوی سے نکاح کی موجودگی میں اس کی چھوٹی بہن سے شادی کی، بہنوئی مصور حسین کے مطابق اس نے پہلی بیوی کو طلاق دینے کے 9 دن بعد اس کی دوسری بہن سے شادی کی، شریعت کے مطابق عدت 9 دن میں پوری نہیں ہوتی۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.