You are currently viewing لاہور میں بلاول بھٹو کے ووٹ غائب کیے گئے، شیری رحمٰن

لاہور میں بلاول بھٹو کے ووٹ غائب کیے گئے، شیری رحمٰن

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج میں تاخیر کا مطلب ہمیں اچھی طرح پتہ ہے، لاہور میں نتیجہ اچانک تبدیل ہوا۔
شیری رحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایپ بند کردی گئی تو ہم الیکشن کمیشن پہنچے، ہم گالی گلوچ اور دھونس دھمکی کی سیاست نہیں کرتے۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ بہت سے رزلٹ ہیں جنہیں ہم احترام سے قبول کرتے ہیں، 87 نتائج کے بعد صبح 6 بجے ہمارےچیف پولنگ ایجنٹ کو کمرے سے نکال دیا، ہم پٹیشن لے کر لاہور ہائی کورٹ گئے، ہمیں دروازہ کھولنا اور کھلوانا بھی آتا ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا ہے کہ بلاول کی کلیئر لیڈ تھی، ہر چینل پر آچکی تھی، لاہور کسی کی جاگیر نہیں، پورا پاکستان ہمارے ووٹرز کے لیے کھلا ہونا چاہیے، ہم بات کریں گے سوال اٹھائیں گے، اس طرح نہیں ہوتا آپ لوگوں کے ووٹ کا حق چھینیں۔
انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جیت رہے تھے، پھر نتائج روک کر بدلنا شروع ہوجاتے ہیں، لیڈ تبدیل ہوتی ہے اور آزاد اوپر آتا ہے، جادو بہت سیٹوں پر ہے مگر ادھر بھی ہوا تھا، ہم نے ایپ بنایا تھا اور 63 ہزار اس پر ووٹ سرچ ہوا، آج صبح دس بجے تک رزلٹ آجانے چاہئیں تھے مگر نہیں آئے۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کے ووٹ غائب کرلیے گئے، جو رزلٹ آئے ان کو ہم قبول کرتے ہیں مگر تاخیر کا جواب نہیں ہے، آر او تک رسائی حق ہے فارم 45 ملنے چاہئیں، بڑے حلقوں سے رزلٹ آ رہے تھے مگر ہمارے روک لیے گئے، صبح سے موبائل انٹرنیٹ بند کر دیا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ پارلیمان میں جب الیکشن ہوتا ہے تو سب ساتھ بیٹھتے ہیں، گفت و شنید سب سے ہوتی ہے، جمہوریت صرف جھنڈا لہرانے کی بات نہیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.