لاہور (نیوز ڈیسک) اسموگ کے پیشِ نظر لاہور میں ایک ہفتے کے لیے پرائمری اسکول بند کر دیے گئے۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پرائمری کلاسوں سے اوپر بچوں کی صحت پر خصوصی نظر رکھی جائے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں میں ماسک کی پابندی لازمی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسموگ بھارت سے آئی اور ایک دم پھیل گئی، بھارت سے بات کیے بغیر یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا، اسموگ کے تدارک کے لیے شارٹ اور میڈیم ٹرم اقدامات کیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مقامی سطح پر انفورس اور سرویلنس ہو رہی ہے، اسموگ مقامی فیکٹریز سے مل کر اور زیادہ خطرناک ہو جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اس وقت میتھین کو سانس کے ذریعے جسم میں اتار رہےہیں۔
صوبائی وزیر نے خبردار کیا کہ اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مقدمے ہوں گے اور انہیں گرفتار بھی کیا جائےگا۔