You are currently viewing لانگ مارچ مس کال ثابت، اہم تعیناتی کو بےوقوف متنازعہ بنارہے ہیں، ناصر حسین

لانگ مارچ مس کال ثابت، اہم تعیناتی کو بےوقوف متنازعہ بنارہے ہیں، ناصر حسین

سکھر (ڈیسک) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیہون حادثہ انتہائی افسوسناک ہے، ذمہ داران کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس شاہراہ کو ڈبل کرنے کے لیے سات ارب روپے دیے تھے مگر ماضی کی نااہل وفاقی حکومت نے سڑک کی تعمیرنہیں کرائی۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے ایکشن کیا ہے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، انتظامیہ کو شاہراہ پر بیریئر لگانے چاہیے تھے، یہ حادثہ انسانی غلطی سے ہوا ہے۔ سکھر حیدرآباد موٹروے اسکینڈل پر سندھ حکومت نے ایکشن لیا ہے، ابتدائی طور پر ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنر کی غلطی سامنے آئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا الائونس صرف سندھ میں دیا جارہا تھا جب کورونا کا خاتمہ ہوگیا تو وہ ہیلتھ ورکرز کہتے کہ الائونس بحال کیا جائے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عمران خان کا مستقبل بالکل تاریک ہے، لانگ مارچ کال کو کہتا تھا کہ مس کال ثابت ہوگی اور ایسا ہی ہوا، وہ بائولے ہوکر اکتائے ہوئے ہیں صرف وزیر اعظم کی کرسی چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بین الااقوامی سازش کے معاملے سے بھی اب پیچھے ہٹ رہے ہیں، توشہ خانہ اسکینڈل، گھڑی فروخت کرنا اخلاق سے گری ہوئی حرکت ہے، اب کہتے ہیں کہ سازش سے ہٹایا مگر کبھی نہیں بتایا کہ خود کیسے اقتدار میں آئے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ پسٹل کی گولی آٹھ دس جگہ کیسے لگ جاتی ہے،پنجاب میں ان کی اپنی حکومت ہوتے ہوئے ایف آئی آر کیوں نہیں کٹ رہی۔ انھوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کو بیوقوفوں کی ٹیم متنازعہ بنا رہی ہے، یہ تقرری آئینی پراسیس سے ہوتی ہے، ہمارے سب جنرل محب وطن ہیں، یہ اداروں کو پریشر میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اس بار کراچی کا میئر جیالا ہی آئے گا، عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے زیادہ سے زیادہ ایک ماہ پہلے ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلابی علاقوں میں 80 فیصد سے زیادہ پانی کی نکاسی کردی گئی ہے، کافی اضلاع میں سروے ہوچکا ہے جلد متاثرین کو پیسے ملنا شروع ہوجائیں گے، ہاریوں اور کاشت کاروں کی سپورٹ کے لیے گندم لگانے کے لیے پانچ ہزار فی ایکڑ دیا جائے گا۔