You are currently viewing قیمتیں بڑھنے کے خدشات درست ثابت، پٹرول، ڈیزل 35روپے مہنگا ہو گیا

قیمتیں بڑھنے کے خدشات درست ثابت، پٹرول، ڈیزل 35روپے مہنگا ہو گیا

اسلام آباد (ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے 15دن کے طے شدہ شیڈولڈ سے انحراف کرتے ہوئے یکم فروری سے قبل ہی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35، 35روپے کا اضافہ کر دیا، جس کا اطلاق فوری طور پر دن 11بجے سے کر دیا گیا ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 18روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 249روپے 80پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت 262 روپے اور 80پیسے ہو گئی۔
اسی طرح لائٹ ڈیزل کی قیمت اضافے کے بعد 187روپے تک اور مٹی کے تیل کی قیمت 18روپے اضافے کے بعد 189تک جا پہنچی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحق ڈار نے وزیر اعظم کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا، انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں، پٹرول و دیگر مصنوعات وافر مقدار میں موجود ہیں۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ زیادہ منافع کے حصول کی خاطر بعض پٹرول پمپوں کے بند کیے جانے کی اطلاعات پر حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے تا کہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات باقاعدگی سے ملتی رہیں ۔
انھوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا میں پھیلائی جانے والی افواہوں کی بھی سختی سے تردید کی۔