راولپنڈی (نیوز ڈیسک) اڈیالہ جیل میں قیدی کے ہاتھوں ایک قیدی کے قتل اور دیگر کو زخمی کرنے کے معاملے پر ہوم ڈپارٹمنٹ نے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو کنٹرول محمد اکرم کو شوکاز جاری کردیا۔
نوٹس 29 فروری کو اڈیالہ جیل میں قیدیوں کے درمیان ہونے والی لڑائی پر جاری کیا گیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ 5 ذہنی بیمار قیدیوں کو ایک جگہ رکھ کر جیل قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔
محمد اکرم ذہنی بیمار قیدی کے لیے اقدامات کرنے اور اسے الگ سیل میں رکھنےمیں ناکام رہے، قیدی نے اینٹ مارکر ساتھی قیدیوں کو زخمی اور ایک کو ہلاک کردیا تھا۔
ہوم ڈپارٹمنٹ نے 7 دنوں میں محمد اکرم سے شوکاز کا جواب طلب کرلیا، انکوائری میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمداکرم کی غفلت اور لاپرواہی ثابت ہوئی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جونیئر سائیکالوجسٹ سارہ غضنفر اور کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ سنیعہ شہزاد نے بھی ملزم کی خطرناک ذہنی حالت کی تصدیق کی۔
نوٹس کے مطابق محمد اکرم نے جیل قوانین401، 435، 436، 442 اور 1095 ایف کی خلاف ورزی کی۔
انکوائری کمیٹی نے محمد اکرم کی برخاستگی اور بھاری جرمانے کی سفارش کی ہے۔