تہران (نیوز ڈیسک) امریکا اور ایران کی کامیاب ڈیل کے بعد ایران میں زیر حراست 5 امریکی شہری تہران سے پرواز کرگئے۔
دونوں ملکوں میں قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل قطر کی ثالثی میں ہوئی۔
قطر کا طیارہ تہران سے پانچوں امریکیوں اور ان کے دو رشتےداروں کو لے کر روانہ ہوگیا۔
امریکی شہریوں کے پاس دہری شہریت ہے جو دوحہ سے امریکا پہنچیں گے۔
ڈیل کے تحت امریکا نے جنوبی کوریا میں منجمد ایران کے 6 ارب ڈالرز دوحہ کے اکاؤنٹس میں منتقل کروائے۔
مزید برآں امریکا نے 5 ایرانی قیدیوں کو بھی رہا کرنے کا عہد کیا جن میں سے 2 دوحہ پہنچ چکے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ 2ایرانی قیدی ملک واپس آئیں گے جبکہ 2امریکا میں ہی رہنا چاہتے ہیں، ایک قیدی تیسرے ملک میں موجود اپنی فیملی کے پاس چلا جائے گا۔
6 ارب ڈالر کے فنڈز جاری ہونے پر قیدیوں کے تبادلے کی ڈیل سرعت کے ساتھ مکمل ہوگئی۔
یاد رہے کہ امریکا کی طرف سے پابندی کے بعد 2018 میں یہ رقم جنوبی کوریا میں منجمد کردی گئی تھی۔
اب قطر اس بات کو یقینی بنائے گا کہ یہ رقم ان اشیاء کی خریداری پر استعمال نہ ہو جن پر امریکی پابندی ہے۔