اسلام آباد (ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہداکو قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار 12 مئی کے مسلم باغ بلوچستان دہشتگرد حملے کے شہدا کے لواحقین سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے شہدا کی وطن کیلئے خدمات کو سراہا اور قوم کی جانب سے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کیلئے خدمات پر انہیں سلام پیش کیا۔
صدر مملکت نے شہدا کے ورثاسے گفتگو میں گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ شہدا کے ورثا سے بات چیت کے دوران صدر مملکت کی آنکھیں اشک بار ہوئیں۔
صدر مملکت نے حوالدار عبدالرحیم ، محمد عرفان اور ندیم اقبال کے لواحقین سے فون پرگفتگو کی۔ انہوں نے سٹینوٹائپسٹ غلام فرید اور سینٹری ورکرز صابر مسیح اور شان مسیح کے ورثاسے بھی بات چیت کی۔ صدرڈاکٹر عارف علوی نے لانس نائیک فہیم مشتاق اور سپاہی سعید اسلم اورطلحہ جامی کے ورثا سے فون پر اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداقوم کا اثاثہ ہیں، قوم ان کی قربانیاں فراموش نہیں کرے گی، انہوں نے شہدا کی وطن کیلئے خدمات کو سراہا اور قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔
