راولپنڈی (ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے کہا ہےکہ اکیلے عمران خان نے ساری جماعتوں کے سیاست دانوں کو چت کر دیا ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر بھی ایک عمران خان کا مقابلہ نہیں کر پا ر ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ کل تک جو کہہ رہے تھے کہ عمران اسمبلیاں نہیں توڑے گا، ان کو منہ کی کھانا پڑی، شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب میں نہ تحریک عدم اعتماد آئے گی نہ ہی گورنر راج لگے گا۔
560سیٹوں پر انتخابات سارے ملک کو ہلا کر رکھ دیں گے، کے پی کے میں تحریک انصاف کو دو تہائی کی اکثریت حاصل ہے۔ جو لوگ اپنے آپ کو بڑا گرو سمجھتے تھے، عمران خان کو دیوار سے لگانا چاہتے تھے، وہ دیوار ہی ان پر گر گئی ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت عوام پر رحم کرے، رکاوٹیں مت کھڑی کرے،مہنگائی کہاں تک پہنچ گئی ہے۔ انھوں نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کا بہانہ ختم کریں، نیو ایئر نائٹ لندن میں منائیں اور پاکستان آ جائیں۔