لاہور (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف بے خوف ہوکر کھیلنے کا مشورہ دے دیا۔
ذکاء اشرف نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کے خلاف اہم میچ میں بے خوف ہو کر کھیلیں جیسے پورے ایونٹ میں کھیلتے رہے ہیں، مینجمنٹ کمیٹی اور پوری قوم کھلاڑیوں کے ساتھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ خوشی ہے پاکستان ٹیم نے اب تک ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
بھارت جانے کے فیصلے سے متعلق ذکاء اشرف کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو پاسپورٹ جمع کرانے کے لیے کہا گیا تو میں نے بھارت جانے کا فیصلہ کیا وزارت خارجہ نے ویزوں میں تاخیر کے حوالے سے مثبت پیش رفت پر مدد کی۔
یاد رہے کہ بھارتی سفارتخانے نے ورلڈکپ کے ویزے کے لیے پاکستانی صحافیوں سے رابطے شروع کرکے ویزے کے لیے فوری طور پر پاسپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔