You are currently viewing قومی اسمبلی اجلاس: آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل سمیت 9 بلز منظور

قومی اسمبلی اجلاس: آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل سمیت 9 بلز منظور

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ ترمیمی بل سمیت 9 بل منظور کرلیے گئے جبکہ قومی کمیشن برائے اقلیتیں بل میں اقلیتی اراکین کی ترامیم بھی منظور کرلی گئیں۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں وفاقی عدالتی کارروائی کی خدمت بل 2023 منظور کرلیا گیا۔
بل وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔
اجلاس میں آفیشل سیکرٹ ترمیمی بل ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا گیا، یہ بل بھی وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کارپوریشن (پی آئی اے) تبدیلی، ترمیمی بل 2023 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، اعلیٰ تعلیمی کمیشن ترمیمی بل 2023 منظور کر لیا گیا، بل وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر نے پیش کیا۔
جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کی رکن عالیہ کامران کی طرف سے بل میں پیش کی گئی ترمیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئی، وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس، سائنسسز و ٹیکنالوجی اسلام آباد ترمیمی بل 2023 بھی منظور کر لیا گیا، یہ بل وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین نے پیش کیا تھا۔
بعد ازاں باہمی مشاورت کے بعد وزیر قانون نے قومی کمیشن برائے اقلیتیں بل 2023 ترامیم کے ساتھ پیش کیا ایوان نے بل کی ترامیم کے ساتھ منظوری دے دی۔
وزیر قانون کی جانب سے پیش کیا گیا فیڈرل سروس کمیشن ترمیمی بل 2023 بھی منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں پرائس کنٹرول اینڈ پرونشل پرافٹنگ اینڈ ہورڈنگ بل 2023 منظور کر لیا گیا، یہ بل وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور نے پیش کیا تھا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.