قطر: ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا سپر 16رائونڈ کل سے شروع

  • Post author:
  • Post category:Featured / Featured / کھیل
  • Post last modified:02/12/2022 11:55
  • Reading time:1 mins read

دوحہ (ڈیسک) فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام قطر میں جاری 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں پری کوارٹر فائنل رائونڈ کل (ہفتہ سے )شروع ہوگا اور اس سلسلے میں دو میچز میں 4 ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گی۔
پہلا میچ نیدرلینڈز اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دوسرے میچ میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔
میگا فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے ۔ میگا ایونٹ کا سپر 16 مرحلہ کل ہفتہ سے شروع ہوگا اور ہفتہ کو دو میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ نیدرلینڈز اور امریکا کی ٹیموں کے درمیان خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم، دوحہ میں کھیلا جائے گا۔یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگا ۔
دوسرے میچ میں دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن اور آسٹریلیا کی ٹیمیں احمد بن علی سٹیڈیم، الریان میں پنجہ آزمائی کریں گی۔ یہ میچ رات 12 بجے شروع ہوگا ۔ میگا ایونٹ کاپری کوارٹر فائنل رائونڈ 6دسمبر کو اپنے اختتام کو پہنچے گا جس کے بعد میگا ایونٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوجائے گی۔
کوارٹر فائنل مرحلہ 9دسمبر سے شروع ہوگا جو 10 دسمبر کو ختم ہوگا، اس کے بعد میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 13 جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 14 دسمبر کو کھیلا جائے گا، تیسری پوزیشن کے لئے میچ 17 جبکہ فائنل میچ 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم، لوسیل میں کھیلا جائے گا۔