You are currently viewing فیفا ورلڈ کپ : پانچ بار عالمی چیمپئن رہنے والے برازیل کا فاتحانہ آغاز

فیفا ورلڈ کپ : پانچ بار عالمی چیمپئن رہنے والے برازیل کا فاتحانہ آغاز

  • Post author:
  • Post category:دنیا / کھیل
  • Post last modified:25/11/2022 11:42
  • Reading time:1 mins read

دوحہ (ڈیسک) قطر میں جاری بائیسویں فیفا ورلڈکپ 2022میں سب سے زیادہ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل نے فاتحانہ آغاز کر دیا۔ برازیل نے گروپ جی کے اپنے ابتدائی میچ میں سربین فٹ بال ٹیم کو 0-2 گول سے ہرا دیا۔
برازیل کے رچرلیسن ڈی اینڈریڈ نے دونوں گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، قطر کے شہر لوسیل کے لوسیل آئیکونک سٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن برازیل اور سربیا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ہاف میں بہت سخت مقابلہ ہوا ،دونوں ٹیموں نے گول کی غرض سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑتوڑ حملے کئے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوگیا۔
میچ کے دوسرے ہاف کے بیشتر وقت میں برازیلین ٹیم مخالف ٹیم سربیا پر حاوی رہی ۔ میچ کے62ویں منٹ میں برازیلین کھلاڑی رچرلیسن ڈی اینڈریڈ نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی ،جس کے ٹھیک گیارہ منٹ بعد رچرلیسن ڈی اینڈریڈ نے ہی ایک اور گول کر کے برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-2 کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔
یوں برازیل نے سربیا کو گروپ جی کے میچ میں 0-2 گول سے ہرا کر میگا ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ برازیلین ٹیم گروپ جی میں اپنا دوسرا میچ 28 نومبر کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف دوحہ میں کھیلے گی۔