دوحہ (ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022، ارجنٹینا نے میکسیکو کو 0-2 سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
فاتح ٹیم کی طرف سے کپتان لیونل میسی اور اینزو فرنینڈس نے ایک ایک گول کیا، لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ سی کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے میکسیکو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 0-2 سے ہرا دیا۔
پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی تاہم میچ کے 64 ویں منٹ میں ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ کھیل کے 87ویں منٹ میں اینزو فرنینڈس نے ارجنٹینا کی طرف سے دوسرا گول کر دیا۔
میکسیکو کی ٹیم کھیل کے اختتام تک کوئی گول اسکور نہ کر سکی ، اس طرح ارجنٹینا نے میچ 0-2 سے جیت لیا۔
واضح رہے کہ ارجنٹینا کو اپنے پہلے گروپ میچ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔