You are currently viewing فیسوں میں کمی کا حکم پورے ملک کے اسکولوں کیلئے ہے ، چیف جسٹس آف پاکستان کی وضاحت

فیسوں میں کمی کا حکم پورے ملک کے اسکولوں کیلئے ہے ، چیف جسٹس آف پاکستان کی وضاحت

اسلام آباد(ڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے واضح کیا ہے کہ فیسوں میں کمی کا حکم صرف چند اسکولوں کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کیلئے ہے۔

سپریم کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ فیس میں کمی کا حکم صرف 22 یا 27 اسکولوں کیلئے نہیں تھا ٗیہ حکم پورے ملک میں 5 ہزار سے زائد فیس لینے والے تمام اسکولوں پر لاگو ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے فیسوں میں کمی کا کہا تو انتظامیہ نے اسکول بند کرنے شروع کردیئے، اگر کسی کو ابہام ہے تو ہمیں فائل دیں، پڑھ کے سب کو بتا دیتے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 13 دسمبر کو سپریم کورٹ نے 5 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے اور 2 ماہ کی چھٹیوں کی فیس کا 50 فیصد والدین کو واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔عدالت عظمیٰ نے حکم دیا تھا کہ ملک بھر کے ایسے نجی اسکول جو 5 ہزار روپے سے زائد فیس وصول کرتے ہیں وہ اپنی فیسوں میں 20 فیصد تک کمی کریں گے جبکہ 5 ہزار یا اس سے کم فیس وصول کرنے والے اسکولوں پر عدالتی فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔عدالت نے حکم دیا تھا کہ 5 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی اسکول سالانہ 5 فیصد سے زیادہ فیسوں میں اضافہ نہیں کریں گے اور اگر اس سے زیادہ اضافہ کرنا ہوگا تو ریگولیٹری باڈی سے منظوری لینی ہوگی اور وہ بھی 8 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں ہوگا۔دوسری جانب سپریم کورٹ نے یہ بھی حکم دیا کہ ایسے نجی اسکول گرمیوں کی فیسوں کا 50 فیصد والدین کو ادا کریں یا اس رقم کو اسکول کی فیس میں ایڈجسٹ کریں۔علاوہ ازیں عدالت نے ایف بی آر کو نجی اسکولز مالکان اور ڈائریکٹرز کے انکم ٹیکس گوشواروں کی چھان بین کا بھی حکم دیا تھا۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.