You are currently viewing فٹنس مسائل: فاسٹ بالر حارث رئوف پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے باہر

فٹنس مسائل: فاسٹ بالر حارث رئوف پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز سے باہر

اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر حارث رئوف فٹنس مسائل کے باعث انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آئندہ میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں ریڈ بال فارمیٹ میں ڈیبیو کرنے والے 29 سالہ حارث رئوف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے دوران فیلڈنگ کے دوران گیند پر گرنے کے باعث دائیں ران میں کھچائو پیدا ہوا جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آئندہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران گیند کے اوپر گرنے کے بعد فاسٹ بالر کا ایم آر آئی کرایا گیا۔پی سی بی کے طبی عملے کے اسکینز اور بعد ازاں تشخیص سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ فاسٹ بالر کو گریڈ II کے تنائو کا سامنا ہے۔ حارث اب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی بحالی شروع کرنے کے لیے لاہور جائیں گے۔
انگلینڈ 22 سال بعد پاکستان کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 74 رنز سے شکست دے چکا ہے، اس طرح اسے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 دسمبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ کراچی میں 17 سے 21 دسمبر تک شیڈول ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد ہی زخمی کھلاڑی کے متبادل کے بارے میں باضابطہ اعلان کرے گا۔ فہیم اشرف اور محمد نواز جو دونوں ٹیم کا حصہ ہیں ملتان ٹیسٹ کے لیے حارث کا ممکنہ متبادل ہو سکتے ہیں۔