You are currently viewing فورسز کی وردیاں استعمال کرنیوالوں پر مقدمات قائم کیے جائیں، ہائی کورٹ

فورسز کی وردیاں استعمال کرنیوالوں پر مقدمات قائم کیے جائیں، ہائی کورٹ

اسلام آباد (ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی وردیاں استعمال کر کے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف مقدمے قائم کیے جائیں۔
شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایک منظم گروہ ہے جو سیکیورٹی اداروں کی وردیوں کو مجرمانہ افعال میں استعمال کرتا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد اپنے حکم نامے میں تحریر کیا کہ جعل سازوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے اس کی کاپی عدالت میں جمع کرائی جائے۔
دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، کسی ایجنسی نے مراد اکبر کو نہیں اٹھایا، پولیس و دیگر ادارے انھیں بازیاب کرانے کے ذمے دار ہیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی رینجرز ، آئی جی اسلام آباد عدالت میں پیش ہو کر مراد اکبر کی بازیابی پر اپنی پوزیشن کلیئر کریں۔