راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے فوج قومی فوج ہے اور اس کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے۔
میڈیا بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ فوج نا کسی سیاسی جماعت کے خلاف ہے اور نا ہی کسی سیاسی جماعت کی طرفدار ہے، فوج کا حکومت کے ساتھ ایک پیشہ ورانہ اور سرکاری تعلق ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج میں اگر کوئی ذاتی مفادات کے لیے کام کرتا ہے یا ذاتی فائدے کے لیے کسی مخصوص سیاسی ایجنڈے کو پروان چڑھاتا ہے تو پاک فوج کا خود احتسابی کا نظام حرکت میں آجاتا ہے، ثبوت و شواہد کی روشنی میں ذمہ داروں کو اپنے اعمال کا جوابدہ ہونا پڑتا ہے، جاری شدہ خود احتسابی کا عمل اس بات کی ایک اور دلیل ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا پاک فوج میں واضح اتفاق رائے پایا جاتا ہے کہ فوج کو بحیثیت ایک ریاستی اور قومی ادارے کے طور پر کسی بھی مخصوص سیاسی مفاد کی تکمیل کے استعمال سے محفوظ رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیس اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاک فوج ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے کی گئی خلاف ورزیوں کو کس قدر سنجیدگی سے لیتی ہے اور بلا تفریق قانون کے مطابق فوری کارروائی کرتی ہے، یہ امید کرتے ہیں کہ اس طرح کی خود احتسابی دیگر قومی اداروں کو بھی ترغیب دیتی ہے کہ اگر ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے کوئی بھی اپنے منصب کو استعمال کرتا ہے تو وہ ادارے بھی اس شخص کو جوابدہ کریں گے، ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد ہی ان کا بہترین سرمایہ ہے۔