You are currently viewing فواد چوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، مریم اورنگزیب

فواد چوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ فواد چوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، سیاسی گرفتاریاں کرنا ہوتیں تو پاکستان تحریک انصاف کی پوری صف اول کی قیادت جیل میں ہوتی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں ہے، عمران خان کے دور میں سیاسی گرفتاریاں کی گئیں، ان کے دور میں وزراء گرفتاریوں سے پہلے گرفتاریوں سے متعلق پریس کانفرنس کیا کرتے تھے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے خلاف سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، 9 ماہ سے ہم حکومت میں ہیں اور تحریک انصاف زبان درازی کر رہی ہے، عمران خان کے دور میں باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا گیا، وہ سیاسی انتقام تھا، شہباز شریف کو گرفتارکیا گیا، ان کی بیٹی کے گھر دھاوا بولا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے فیصلہ کرنا ہوگا کہ کہاں لائن کھینچنی ہے، افواج پاکستان کے خلاف پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے مہم چلائی گئی، یہ آئینی اداروں کو دھمکی دے رہے ہیں کہ ہمارے لیڈر کے خلاف فیصلہ ہوا تو جینا مشکل کردیں گے اگر کسی کو اداروں کو دھمکی دینے کی اجازت دی گئی تو پھر تمام عوام کو یہ حق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں صحافیوں کو اٹھوایا جاتا تھا، پیٹ میں گولیاں ماری جاتی تھیں، یہ لوگ میڈیا کو دھمکاتے تھے، گالیاں دیتے تھے، جیلوں میں ڈلوایا، نہال ہاشمی کی سزا پر عمران خان نے خوشی سے ٹوئٹ کیا تھا، نہال ہاشمی کے بیان کی ہماری پارٹی نے بھی مذمت کی تھی، فریال تالپور کو عید والے دن اسپتال سے گھسیٹ کر جیل میں ڈالا گیا، رانا ثنااللہ پر 20 کلو ہیروئن ڈال دی،نہ وہ بیگ ملا نہ ہیروئن، ہمارے سب لوگوں نے اپنےکیسز عدالتوں میں لڑے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emgerging content writter, who is writting for News Pakistan TV for quite some time now.