You are currently viewing فواد چوہدری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا

فواد چوہدری کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد (ڈیسک ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔
پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے خلاف نفرت پھیلانے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ نے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ دوران سماعت جج نے کمرۂ عدالت میں فواد چوہدری کی ہتھکڑی کھولنے کی استدعا منظور کی اور ساتھ ہی انہیں کمرۂ عدالت میں اپنی فیملی سے ملنے کی اجازت دی گئی۔ فواد چوہدری کو آج 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور پی ٹی آئی کے وکلاء بابر اعوان، فیصل چوہدری، علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری اور شیریں مزاری کمرۂ عدالت میں موجود تھے۔ ملزم فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیئے، فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان اور الیکشن کمیشن کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ رات 12 بجے 2 روز کا ریمانڈ ملا تب تک ایک دن ختم ہو گیا تھا، عملی طور پر ہمیں ایک دن کا ریمانڈ ملا ہے، اس لیے مزید ریمانڈ دیا جائے۔ واضح رہے کہ فواد چوہدری کی پیشی کے موقع پر اسلام آباد کچہری میں پولیس کی سخت سیکیورٹی تعینات کی گئی تھی، میڈیا کو کمرہ عدالت جانے سے روک دیا گیا۔ یاد رہے کہ فواد چوہدری کو 25 جنوری کو لاہور سے گرفتار کر کے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔عدالت نے فواد چوہدری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.