ریاض (ڈیوسک) سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا کہنا ہےکہ اسرائیل کی یہودی آبادکاریوں کی یک طرفہ کارروائیاں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں،سعودی عرب امن کی بنیاد پر ہونے والے عرب امن منصوبے کے معاہدے کاپابند ہے۔
سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان السعود نے جرمنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی یہودی آبادکاریوں کی یک طرفہ کارروائیاں امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں،سعودی عرب امن کی بنیاد پر ہونے والے عرب امن منصوبے کے معاہدے کاپابند ہے۔
فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے اسرائیل سے تعلقات کی راہ ہموار کرنے کے لیے 2002ء میں عرب امن معاہدے کی شروعات کی تھی لیکن اب فلسطینیوں سے امن معاہدہ ہونے تک اسرائیل سے سفارتی تعلقات کا کوئی راستہ نہیں ہوسکتا، ہم عرب امن منصوبے کے تحت ہی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کہتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاملے میں متحدہ عرب امارات کی پیروی نہیں کریں گے۔
عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ فلسطینوں کے ساتھ ہونے والے عالمی معاہدوں کے تحت ہی امن حاصل کیا جاسکتا ہے اور جب تک اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ ہوئے بین الاقوامی امن معاہدوں کو تسلیم نہیں کرلے اور امن قائم نہ ہوجائے تب تک تعلقات ممکن نہیں۔