ممبئی (ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف دل کی آواز سامنے لے آئیں۔
انھوںنے کہا کہ غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر بچوں کو کھلے آسمان تلے مارا جارہا ہے، اسپتالوں، پناہ گاہوں ، عبادت گاہوں اور معصوم بچوں پر بلاوجہ بمباری اور سفاکیت پر دنیا کی خاموشی اس بات کا اشارہ ہے کہ ہم تاریکی اور ناانصافی کے دور میں رہ رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سوارا نے اپنی نوزائیدہ بیٹی رابعہ کو گود میں اٹھائے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنی بیٹی کو غور سے دیکھتے ہوئے کچھ سوچ رہی ہیں۔
انھوں نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ اگر ان کی بیٹی کی پیدائش غزہ میں ہوتی تو وہ کیسے اپنی بچی کو محفوظ رکھ سکتی تھیں؟ اداکارہ نے لکھا میں دعا کرتی ہوں کہ میں خود کو کبھی ایسی کسی حالت میں نہ پاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ماں اپنے نوزائیدہ بچے کو سکون اور خوشی کے احساس کے ساتھ گھورتے ہوئے گھنٹوں گزار سکتی ہے ، کیونکہ اسے پتہ ہے کہ اس جیسا احساس دنیا کی کسی اور چیز میں نہیں ہے۔
سوارا بھاسکر نے مزید کہا کہ میں کوئی مختلف نہیں ہوں، مجھے یقین ہے کہ مجھ سمیت دنیا بھر کی مائیں جب اپنے بچوں کو دیکھتی ہوں گی تو ان کے ذہنوں میں حالیہ رونما ہونے والے واقعات آتے ہوں گے جنہیں نظر انداز کرنا ناممکن ہے۔
آخر میں انھوں نے لکھا کہ خدا میری دعا سن لے اور غزہ کے بچوں کو مزید درد اور موت سے بچا کیونکہ دنیا ان کی حفاظت نہیں کرے گی۔